علی گڑھ:4/ اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) انتظامیہ نے اگلاس کے تہرا گاؤں کے رہنے والے ستیہ ویر سنگھ اور تین میڈیا تنظیموں کویونیورسٹی پر فرضی اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے لیے قانونی نوٹس بھیجاہے۔واضح ہو کہ ستیہ ویر سنگھ نے ایل ایل ایم کے داخلہ امتحان میں نہ بیٹھنے کے لئے فرقہ پرستی پر مبنی تفریق کا الزام عائد کیا تھا جبکہ وہ ایل ایل ایم کے داخلہ امتحان میں بیٹھنے کا مجاز نہیں تھا۔ ایل ایل ایم کے داخلہ امتحان میں بیٹھنے کے لئے گریجویشن سطح پر کم سے کم 55فیصد نمبرات کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کے نمبر55فیصد سے کم تھے جس کے سبب اسے امتحان میں بیٹھنے سے روک دیا گیا تھا۔میڈیا تنظیموں نیوز ون انڈیا، بھارت سماچار اور رپورٹرس پیج کو اس موضوع پر فرضی اسٹوری دکھانے کے لئے قانونی نوٹس بھیجے گئے ہیں۔ ان چینلوں نے تعصب کے غلط الزامات پر مبنی اس اسٹوری کو کور کیا تھا۔